بنٹوال4؍نومبر (ایس او نیوز)کنڈلورمیں پچھلے کچھ عرصے سے جو پر امن ماحول تھا اس میں پھر ایک بار تشدد کا رنگ ابھر آیا ہے۔ کہتے ہیں کہ کرانی موشیم نامی ایک شخص نے پولیس میں شکایت درج کروائی تھی کہ اس کی دو کاروں اور ایک ٹپر لاری کے ٹائر وں کو تیز دھاروالے ہتھیار سے پھاڑ دیا گیا ہے۔ اس نے شکایت میں اس کا الزام صداقت (۲۸ سال) اور قاضی آفتاب عرف منا(۲۸ سال) پر لگایا تھا۔
بتایا جاتا ہے کہ پولیس جب نامزد افراد کے خلاف تحقیقات کے لئے پہنچی تو وہ غصے سے آگ بگولہ ہوگئے ۔ پھر اس کے بعد انہوں نے جُمّی جعفری (۳۷ سال ) اورنثارکے ساتھ مل کر رات کے وقت شکایت کنندہ کے چھوٹے بھائی شاہد کرانی( ۲۶ سال) کو گھیر لیا اور اس پر تلواروں اوردیگر جان لیوا ہتھیاروں سے حملہ کردیا۔ اورموقع سے فرار ہونے سے پہلے اس کا قصہ ختم کرنے کی دھمکی بھی دے گئے۔
شدید زخمی حالت میں شاہد کو پہلے کنداپور کے اسپتال میں لے جایا گیا۔وہاں ابتدائی علاج کے بعد مزید بہتر علاج کے لئے اڈپی کے اسپتال میں منتقل کیا گیا ہے۔پولیس نے قاتلانہ حملے کا کیس درج کرکے ملزمین کی تلاش شروع کر دی ہے۔